9 کروڑ کے چیک کیس میں راجپال یادو کو عدالت کی سخت وارننگ، مزید مہلت مسترد

0

ممبئی: بھارتی اداکار راجپال یادو ایک بار پھر قانونی تنازع میں گھِر گئے ہیں، جہاں دہلی ہائی کورٹ نے 9 کروڑ روپے کے چیک باؤنس کیس کی سماعت کے دوران ان کے مؤقف پر سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

یہ کیس ایک نجی کمپنی کی جانب سے دائر کیا گیا، جس میں 2024 میں اداکار کو واجبات کی عدم ادائیگی پر سزا سنائی گئی تھی۔ عدالت نے موجودہ سماعت میں اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا، تاہم جسٹس سورنا کانتا شرما نے سماعت کے دوران راجپال یادو کے بدلتے بیانات پر تشویش ظاہر کی۔

عدالت نے واضح کیا کہ ایک جانب اداکار ادائیگی کے لیے آمادگی ظاہر کر رہے ہیں، جبکہ وکیل مؤقف اختیار کر رہے ہیں کہ سزا پوری کرنے کے بعد مزید ادائیگی لازم نہیں۔ جسٹس نے کہا کہ اگر ادائیگی کی رضامندی موجود ہے تو پھر تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں، اور اداکار کی جانب سے مزید مہلت کی درخواست مسترد کر دی گئی۔

یہ کیس مئی 2024 کے فیصلے کے بعد دوبارہ سامنے آیا، جب سیشن عدالت نے راجپال یادو کو چیک باؤنس کے جرم میں چھ ماہ قید کی سزا سنائی تھی، اور بعد میں ہائی کورٹ نے ادائیگی کی یقین دہانی پر سزا معطل کر دی تھی۔ تاہم بعد میں کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے گئے۔

فروری 2026 میں عدم تعمیل پر عدالت نے اداکار کو خود پیش ہونے کا حکم دیا، جس کے بعد انہوں نے گرفتاری دی اور جزوی رقم جمع کروانے پر عارضی ریلیف حاصل کیا۔ حالیہ سماعت میں مدعی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سزا کاٹنے سے مالی ذمہ داری ختم نہیں ہوتی، جبکہ عدالت میں ون ٹائم سیٹلمنٹ پر بھی بات ہوئی۔

عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے، اور راجپال یادو کو سخت وارننگ دی گئی کہ عدالت کے احکامات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں قانونی کارروائی ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.