آئی ایم ایف شرائط اور مہنگائی کا بوجھ، غریب آدمی کیسے جیے گا؟ خواجہ سعد رفیق کا سخت ردعمل
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ غریب آدمی آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرتے کرتے مر جائے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومتی مجبوریاں اپنی جگہ، لیکن پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے مہنگائی کی بدترین لہر آچکی ہے اور عام آدمی کیلئے زندگی گزارنا مشکل ہو گیا ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ بڑھتی مہنگائی کے اس طوفان میں عام آدمی کیسے زندہ رہے گا، جبکہ غریب طبقہ مزید دباؤ کا شکار ہو رہا ہے اور متوسط طبقہ بھی تیزی سے خط غربت کے قریب پہنچ رہا ہے۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اگر ایران پر امریکی اور صیہونی حملے فوری طور پر بند نہ ہوئے تو تیسری دنیا کے کروڑوں افراد بھوک کا شکار ہو سکتے ہیں، جس سے عالمی سطح پر انسانی بحران جنم لے سکتا ہے۔
