ایف بی آر کا سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ

0

اسلام آباد:فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے سوشل میڈیا سے بھاری آمدن حاصل کرنے والے افراد کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت یوٹیوبرز، ٹک ٹاکرز اور انسٹاگرام انفلوئنسرز کو باقاعدہ ٹیکس قوانین کے دائرے میں لایا جائے گا۔

ایف بی آر کی جانب سے انکم ٹیکس رولز 2002 میں ترامیم کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے، جس کے مطابق سوشل میڈیا کے ذریعے کمائی کرنے والے پاکستانی شہریوں پر قانون کا اطلاق ہوگا۔

دستاویز کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے حاصل ہونے والی آمدن، بشمول اسپانسرشپ، اشتہارات اور دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی کمائی پر بھی ٹیکس لاگو ہوگا۔ اس کے علاوہ قانون کا اطلاق ان صارفین پر بھی ہوگا جو سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین کے ساتھ انٹریکشن کے ذریعے آمدن حاصل کرتے ہیں۔

ایف بی آر کے مطابق قابلِ ٹیکس آمدن کا تعین سوشل میڈیا سے حاصل ہونے والی کمائی اور اخراجات کی بنیاد پر کیا جائے گا، جبکہ اوسط ویوز اور سال بھر کی پوسٹس کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ مخصوص فارمولے کے تحت انکم ٹیکس ادا کرنا ہوگا اور سالانہ ٹیکس گوشواروں میں اس آمدن کو الگ سے ظاہر کرنا لازمی ہوگا۔

ایف بی آر نے مسودہ عوامی آراء کے لیے جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے کے اندر اعتراضات، تجاویز اور سفارشات جمع کرانے کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے۔ حکام کے مطابق موصول ہونے والی آراء کی روشنی میں ترامیم کو حتمی شکل دی جائے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.