محمد علی رندھاوا ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن تعینات، نظام کو مکمل ڈیجیٹل اور پیپر لیس بنانے کا ٹاسک
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 20 کے افسر محمد علی رندھاوا کو ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن تعینات کر دیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نئے ڈی جی کو پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے نظام میں ہمہ جہت اصلاحات متعارف کرانے کا ٹاسک دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ پورے نظام کو ملک بھر میں مکمل طور پر ڈیجیٹل اور پیپر لیس بنایا جائے۔
وزیر داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاسپورٹ اور امیگریشن کے نظام میں عوامی سہولت کو اولین ترجیح دی جائے اور سروس ڈیلیوری کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔
سروس کیریئر:
محمد علی رندھاوا کا تعلق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس سے ہے اور وہ ایک تجربہ کار بیوروکریٹ سمجھے جاتے ہیں۔ وہ اس سے قبل مختلف اہم انتظامی عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں، جن میں چیف کمشنر اسلام آباد اور چئیرمین سی ڈی اے ، کمشنر راولپنڈی ڈویژن، سیکرٹری سطح کے مختلف عہدے اور پنجاب حکومت میں کلیدی انتظامی ذمہ داریاں شامل ہیں۔
انہوں نے بطور کمشنر راولپنڈی شہری سہولیات، انسداد تجاوزات مہم اور انتظامی اصلاحات کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کیا، جبکہ دیگر عہدوں پر بھی گورننس اور پبلک سروس ڈیلیوری میں بہتری کیلئے اقدامات کیے۔
حکام کے مطابق ان کی تعیناتی کا مقصد پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور عوام کو تیز، شفاف اور مؤثر خدمات فراہم کرنا ہے۔
