ثمین رانا: شاہین نے کسی کی اتھارٹی چیلنج نہیں کی، کپتان کو جرمانہ کرکے مثال قائم کی
لاہور: لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر ثمین رانا نے کہا ہے کہ شاہین آفریدی اور سکندر رضا پر مبینہ سکیورٹی پروٹوکول توڑنے کے الزامات غلط رپورٹ ہوئے ہیں اور شاہین نے کسی کی اتھارٹی کو چیلنج نہیں کیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثمین رانا نے بتایا کہ ہوٹل میں پیش آنے والے واقعے کی رپورٹ ذرا ہٹ کر سامنے آئی، لیکن سکیورٹی پروٹوکولز پر ہمیشہ عمل کیا جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ میچز بغیر کسی حادثے کے جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم نے کپتان کو جرمانہ کر کے ایک مثال قائم کی تاکہ واضح پیغام سب تک پہنچے، جبکہ گروپ کی شکل میں ہونے والے چھوٹے تنازعات پر کارروائی بھی جاری ہے۔
ثمین رانا نے پہلے میچ کی فتح سے ٹیم کے اعتماد کی تعریف کی اور کہا کہ دوسرا میچ کم اسکورنگ رہا، لیکن ٹیم سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور قلندرز کی فیملی متحد ہے اور چیلنجز کا سامنا مشترکہ طور پر کیا جائے گا۔
کراچی کنگز کے خلاف بال ٹیمپرنگ کے واقعے پر ثمین رانا نے کہا کہ میچ آفیشلز اپنا کام کر رہے ہیں اور لاہور قلندرز فیصلہ کا احترام کرے گی کیونکہ کھیل کو ہمیشہ عزت دی جاتی رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ لاہور قلندرز واحد فرنچائز ہے جس کا کسی بورڈ کے ساتھ طویل المیعاد معاہدہ ہے، جس میں زمبابوے کے ساتھ 10 سالہ منصوبہ شامل ہے اور اسی کے تحت کھلاڑی ٹریننگ کے لیے موجود ہیں۔
