پاکستان میں ڈیجیٹل فنانس میں پیشرفت، عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ
اسلام آباد:پاکستان میں ڈیجیٹل فنانس کے شعبے میں بڑھتے مواقع عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بن رہے ہیں۔
چینی گروپ فن وولیوشن گروپ اور اس کی ذیلی کمپنی فن لیپ کے وفد نے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو سے ملاقات کی، جس میں ڈیجیٹل فنانس، ریگولیٹری اصلاحات اور مالی شمولیت کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کمپنی نے ایس ای سی پی کی اصلاحات کو سراہتے ہوئے پاکستان میں جدید مالیاتی حل متعارف کرانے کے عزم کا اظہار کیا۔ فن لیپ کا ’’دائرہ‘‘ پلیٹ فارم صارفین کو آسان اور فوری ڈیجیٹل قرضہ سہولیات فراہم کر رہا ہے، جبکہ فن وولیوشن کی شمولیت کم سہولت یافتہ طبقات کے لیے باضابطہ کریڈٹ تک رسائی کو مزید وسیع کرے گی۔
شنگھائی میں قائم اور نیویارک اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ فن وولیوشن گروپ کی پاکستان میں توسیع عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان میں ڈیجیٹل فنانس، سرمایہ کاری اور مالی شمولیت کے نئے دور کی بنیاد رکھ رہی ہے۔
