لکی مروت میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن، صدر، وزیر اعظم کا سی ٹی ڈی اہلکاروں کو خراجِ تحسین
اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقے شاگئی میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے افسران اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے آپریشن میں 6 خارجی دہشت گردوں کی ہلاکت پر سی ٹی ڈی ٹیم کی جرات، مہارت اور بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونی پشت پناہی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں ملک کے امن کے لیے نہایت اہم ہیں۔
صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درپیش دہشت گردی کے خطرات چاہے سرحد کے اندر ہوں یا باہر، ریاست پوری قوت سے ان کا مقابلہ کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے شہری علاقوں کو نشانہ بنانے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور سکیورٹی ادارے ملک کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے پوری طرح تیار اور پرعزم ہیں اور پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی سرزمین اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھاتا رہے گا۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی شاگئی، لکی مروت میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سی ٹی ڈی کے افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی ٹی ڈی سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور اہلکار دن رات ارضِ وطن کو دہشت گردوں سے پاک کرنے میں مصروف ہیں جس پر پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ خود اور پوری قوم سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
