وزیراعظم شہباز شریف کا کویت کے ولی عہد سے رابطہ، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے پر زور
اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الصباح سے مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے خطے میں جاری بحران کے دوران کویت پر حملوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس نازک وقت میں کویت کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے ایران پر اسرائیل کے حملے اور اس کے بعد کویت سمیت برادر خلیجی ممالک کے خلاف ایران کے جوابی حملوں کے باعث پیدا ہونے والی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکنے اور فوری طور پر کشیدگی میں کمی کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے برادر ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی اور جاری تنازعے کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے کے امن و سلامتی کو مزید نقصان پہنچا سکتے ہیں۔دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے باہمی رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
