سنگین جرائم میں ملوث افرادکو یورپ سے واپس لا کرقانونی کارروائی کافیصلہ
اسلام آباد:غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام سے متعلق چار ملکی کانفرنس میں سنگین جرائم میں ملوث مجرموں کو یورپ سے پاکستان واپس لا کر ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی اٹلی، اسپین اور یونان کے متعلقہ وزراء سے ملاقات میں چاروں ممالک نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں اٹلی اور اسپین کے وزرائے داخلہ جبکہ یونان کے وزیر مائیگریشن شریک ہوئے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یورپ غیر قانونی امیگریشن سے سب سے زیادہ متاثر ہے اور اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے مشترکہ میکنزم ناگزیر ہے۔
کانفرنس میں اٹلی، اسپین اور یونان نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور اس حوالے سے 47 فیصد کمی پر پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ استعداد کار بڑھانے کے لیے یورپی یونین کے ذریعے پاکستان کو بھرپور معاونت فراہم کی جائے گی۔
