وزیراعظم سے امریکی وزیر خارجہ کی ملاقات، انسداد دہشتگردی پر گفتگو
واشنگٹن : وزیراعظم شہباز شریف سے بورڈ آف پیس لیڈرز کے اجلاس کے موقع پر امریکا کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ملاقات کی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹراسحاق ڈار بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر خارجہ مارکو روبیو کو بورڈ آف پیس کے کامیاب افتتاحی اجلاس پر مبارکباد دی اور غزہ امن منصوبے کے نفاذ کے لیے پاکستان کے بھرپور تعاون کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور امریکا کے اسٹریٹجک تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور صدر ٹرمپ کی قیادت میں دوطرفہ شراکت داری کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک نے باہمی تجارت، اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ اور دہشتگردی کے خلاف تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے تیزی سے بدلتی عالمی صورتحال میں مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے پاکستان اور امریکا کے درمیان اعلیٰ سطح روابط جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
مارکو روبیو کی جانب سے سوشل میڈیا پر ملاقات کی تصویر بھی جاری کی گئی۔ امریکی حکام کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر خارجہ روبیو نے غزہ کے لیے صدر ٹرمپ کے امن منصوبے کی مسلسل حمایت اور بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس میں بانی رکن کے طور پر شرکت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
علاوہ ازیں انہوں نے 31 جنوری کو بلوچستان میں ہونے والے حملوں اور 6 فروری کو اسلام آباد میں ہونے والے بم دھماکے پر تعزیت کا اظہار بھی کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جاری شراکت داری کی اہمیت کو دہرایا۔
