پاکستان کا سری لنکن صدرکی درخواست پر ٹی20 ورلڈکپ میں بھارت سے میچ کھیلنےکا فیصلہ

0

اسلام آباد:پاکستان نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 15 فروری کو بھارت کے خلاف شیڈول کے مطابق میچ کھیلنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں طے شدہ شیڈول کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا اہم میچ کھیلیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے قبل سفارتی سطح پر اہم مشاورت کی گئی، جس میں سری لنکا نے ثالثی کا کردار ادا کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سری لنکن صدر کی خصوصی درخواست پر بھارت کے خلاف میچ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کی۔

وزیراعظم آفس کے مطابق سری لنکن صدر رنل وکرما سنگھے نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں انہوں نے خطے میں کھیلوں کے فروغ، کرکٹ ڈپلومیسی اور مثبت پیغام کے تناظر میں پاکستان سے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی درخواست کی۔

ٹیلیفونک گفتگو کے دوران سری لنکن صدر نے مؤقف اختیار کیا کہ کرکٹ جیسے کھیل خطے میں کشیدگی کم کرنے اور عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ہمیشہ کھیل کو کھیل کے جذبے کے تحت دیکھتا ہے اور امن، ہم آہنگی اور اسپورٹس مین اسپرٹ کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

وزیراعظم آفس کے بیان کے مطابق قومی مفاد، سفارتی تقاضوں اور عالمی کرکٹ کے تسلسل کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ فیصلہ کرتے وقت ٹیم اور شائقینِ کرکٹ کے جذبات کو بھی پیش نظر رکھا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سب سے اہم اور ہائی وولٹیج مقابلہ قرار دیا جا رہا ہے، جس پر دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق میچ سے متعلق سکیورٹی اور دیگر انتظامی امور پہلے ہی مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم میچ کی تیاریوں میں مصروف ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.