پاک بھارت ٹی 20 ورلڈ کپ میچ پر مشاورت: وزیرِ اعظم شہباز شریف اور سری لنکن صدر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ
اسلام آباد:وزیرِ اعظم شہباز شریف اور سری لنکن صدر انورا کمارا ڈسانائیکے کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دوطرفہ تعلقات اور کرکٹ سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
گفتگو کے دوران سری لنکن صدر نے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے درخواست کی کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم سری لنکا میں منعقدہ پاک بھارت میچ کھیلنے پر غور کرے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ سری لنکا میں دہشت گردی کے مشکل دور میں پاکستان نے سری لنکن کرکٹ کی بھرپور حمایت کی اور پاکستانی ٹیم نے خطرات کے باوجود سری لنکا کے دورے جاری رکھے۔
سری لنکن صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے سری لنکا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو ہر چیز پر فوقیت دی اور کرکٹ کے میدان میں اعتماد کا عملی مظاہرہ کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ان جذبات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مشکل ادوار میں بھی سری لنکا نے بھرپور ساتھ دیا اور پاکستان میں کرکٹ سرگرمیاں جاری رکھیں۔
وزیرِ اعظم نے حالیہ دور میں سری لنکن ٹیم کے پاکستان کا دورہ منسوخ نہ کرنے کو پاکستانی قوم اور کرکٹ شائقین کے لیے ناقابلِ فراموش اقدام قرار دیا۔
مزید برآں، وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سری لنکن صدر کو آگاہ کیا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ کے حوالے سے مشاورت مکمل ہونے کے بعد حتمی فیصلے سے انہیں باقاعدہ طور پر مطلع کیا جائے گا۔
