ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان بھارت میچ کا حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے

0

اسلام آباد: ذرائع نے دعوی ٰ کیا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ میچ کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

 ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پاکستان کو میچ کھیلنے پر آمادہ کرنے کے لیے کوششیں کر رہی ہے، جبکہ پاکستان اپنی شرائط منوانے کی صورت میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے پر غور کر سکتا ہے۔ تاہم حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈنے آئی سی سی سے ابتدائی مذاکرات کے بعد حکومتِ پاکستان سے مزید رہنمائی لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاک بھارت میچ سے متعلق حتمی منظوری وزیراعظم کی جانب سے دی جائے گی، جس کے بعد اس معاملے میں بڑی پیش رفت متوقع ہے۔

اطلاعات کے مطابق لاہور میں اتوار کی شب تقریباً چار گھنٹے طویل مذاکرات ہوئے، جن میں دونوں فریقین کے مؤقف میں بہتری آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ مذاکرات کا دوسرا دور رات گئے تک جاری رہا۔ ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی نے آئی سی سی کو واضح طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ اس معاملے پر حکومتِ پاکستان ہی حتمی فیصلہ کرے گی۔

 آئی سی سی کے وائس چیئرمین عمران خواجہ نے پاکستانی مؤقف آئی سی سی بورڈ ممبران کے سامنے رکھنے کی یقین دہانی کرائی، جبکہ اماراتی بورڈ کے مبشر عثمانی ویڈیو لنک کے ذریعے مذاکرات میں شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق سری لنکا اور متحدہ عرب امارات کے کرکٹ بورڈز نے پاکستان سے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی ہے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی  آج (پیر ) وزیراعظم سے ملاقات بھی کریں گے۔

 پاکستان کی جانب سے آئی سی سی وفد کے سامنے سالانہ آمدنی میں اضافے کی شرط بھی رکھی جائے گی۔ واضح رہے کہ آئی سی سی وفد کو پاکستان نے مدعو نہیں کیا بلکہ وفد نے خود پاکستان آنے کا فیصلہ کیا۔

دوسری جانب آئی سی سی نے بھارت کو آگاہ کیا ہے کہ وہ بھارتی بورڈ سے بات کرے گا تاکہ کھیل کی روح کے منافی اقدامات، جیسے ہینڈ شیک کے معاملات، کو غیر ضروری طور پر نہ بڑھایا جائے۔

 پاکستان کو میچ کے لیے راضی کرنے کے لیے کئی آپشنز زیر غور ہیں، جبکہ متحدہ عرب امارات کے کرکٹ حکام نے بھی پی سی بی سے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.