اس ظلم کا جواب ریاست پوری قوت سے دے گی: وزیر دفاع خواجہ آصف
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے اسلام آباد میں ہونے والے خودکش حملے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس ظلم کا جواب ریاست پوری قوت سے دے گی۔ مسجد میں نمازیوں کو شہید کرنے والے دین اور وطن کے دشمن ہیں۔
اپنی ٹوئٹ میں وزیر دفاع نے کہا کہ حملے میں ملوث دہشتگرد کا افغانستان آنا جانا ثابت ہو چکا ہے اور بھارت و طالبان کے گٹھ جوڑ کے تانے بانے مل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی گارڈز نے حملہ آور کو چیلنج کیا جس پر اس نے فائرنگ کی، بعد ازاں خودکش حملہ آور نے نمازیوں کی آخری صف میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت عبرتناک شکست کے بعد اپنی پراکسیوں کے ذریعے جنگ لڑ رہا ہے اور اب براہِ راست جنگ لڑنے کی ہمت نہیں رکھتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست اس بزدلانہ کارروائی کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دے گی۔
پولیس کے مطابق اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں نمازِ جمعہ کے دوران مسجد و امام بارگاہ خدیجتہ الکبریٰ میں خودکش دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 31 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کو مسجد میں داخل ہونے سے روکے جانے پر اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے سے قبل فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ دھماکے کے بعد پولیس، فوج اور رینجرز کے دستوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ تمام زخمیوں کو پمز ہسپتال اور پولی کلینک ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ تمام ہسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔
