صدر آصف زرداری سے اماراتی وزیرِ رواداری کی ملاقات، پُرامن بقائے باہمی کی اہمیت پر زور
اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے متحدہ عرب امارات کے وزیرِ رواداری اور بقائے باہمی شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے ملاقات کی، جس میں مکالمے کے فروغ، شمولیت اور پُرامن بقائے باہمی کی اہمیت پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران صدر مملکت نے رواداری اور بقائے باہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی بصیرت افروز قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے رواداری اور انسانی اخوت کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کے قومی وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ 200 سے زائد قومیتوں کے درمیان اتحاد اور باہمی احترام کے فروغ میں متحدہ عرب امارات کی کامیابی سماجی ہم آہنگی کا ایک متاثر کن نمونہ ہے۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان بین الثقافتی ہم آہنگی، مکالمے اور رواداری کے فروغ کیلئے تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔
اس موقع پر خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری، رکنِ قومی اسمبلی اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیرِ داخلہ و انسدادِ منشیات سید محسن نقوی اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر بھی موجود تھے۔
