امریکہ ایران کشیدگی میں اضافہ: ٹرمپ کا ایران سے تجارت کرنے والے ممالک پر 25 فیصد ٹیرف لگانے کا اعلان
واشنگٹن: امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے تجارت کرنے والے ممالک پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں اس فیصلے کو حتمی قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ ایران کے ساتھ کاروبار کرنے والے ممالک کو امریکا کے ساتھ ہونے والی ہر قسم کی تجارت پر 25 فیصد اضافی ٹیرف ادا کرنا ہوگا۔
امریکی صدر کے مطابق یہ حکم فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور کسی بھی ملک کو اس سے استثنا حاصل نہیں ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو ممالک ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات برقرار رکھیں گے، انہیں امریکی منڈی تک رسائی کے لیے بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
صدر ٹرمپ کا یہ سخت اقدام ایران میں جاری حکومت مخالف مظاہروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ ایران میں گزشتہ دو ہفتوں سے مظاہرے جاری ہیں، جن کے دوران سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔
امریکی انسانی حقوق تنظیموں کے دعوے کے مطابق ان مظاہروں کے دوران اب تک 490 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ صدر ٹرمپ اس سے قبل بھی ایرانی حکومت کو مظاہرین کے قتل کی صورت میں سخت نتائج کی وارننگ دے چکے ہیں۔
امریکی صدر نے بیان دیا تھا کہ امریکا ایران کے خلاف مختلف آپشنز پر غور کر رہا ہے، جن میں فوجی کارروائی کا امکان بھی شامل ہے۔ مبصرین کے مطابق ایران سے تجارت کرنے والے ممالک پر ٹیرف لگانے کا اعلان خطے میں سیاسی اور معاشی تناؤ کو مزید بڑھا سکتا ہے۔
