کس کو کیا تحائف ملے؟ توشہ خانہ کا مزید ریکارڈ منظرِ عام پر
اسلام آباد:وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کا مزید ریکارڈ پبلک کر دیا ہے۔ کابینہ ڈویژن نے اکتوبر تا دسمبر 2025 کی سہ ماہی کے دوران موصول ہونے والے تحائف سے متعلق تفصیلات جاری کر دی ہیں، جن کے مطابق تمام متعلقہ شخصیات نے اپنے موصول شدہ تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیے ہیں۔
کابینہ ڈویژن کی دستاویزات کے مطابق اس سہ ماہی کے دوران صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، فرسٹ لیڈی، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ، وزیر بجلی اویس لغاری، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ تحائف وصول کرنے والوں میں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ معاونِ خصوصی طارق فاطمی، صدر کے ملٹری سیکرٹری، صدر کے ترجمان مرتضیٰ سولنگی، آڈیٹر جنرل آف پاکستان، وزیر مملکت برائے ریلویز و خزانہ، مشرف زیدی، ڈی جی منرلز ڈاکٹر نواز احمد ورک، سیکرٹری اقتصادی امور، سیکرٹری آئی ٹی، صدر کے اے ڈی سی سمیت دیگر اعلیٰ سرکاری افسران اور شخصیات کو بھی تحائف موصول ہوئے۔
تحائف کی تفصیل
کابینہ ڈویژن کے ڈیٹا کے مطابق اکتوبر تا دسمبر 2025 کی سہ ماہی میں موصول ہونے والے تحائف میں روضۂ رسول ﷺ، خانۂ کعبہ اور مکہ مکرمہ کے ماڈلز، پینٹنگز، پرفیومز، شیلڈز، قالین، ٹی سیٹ، تلوار، خنجر، گلدان، گھڑیاں، ڈیکوریشن پیسز، سعودی کافی، کتابیں، رائل کیپ، یادگاری اشیاء، ٹیبل واچ، میٹرو بس کا ماڈل، قہوہ پاٹ، شرٹس، میوزیکل انسٹرومنٹس، کمبل، اسکارف اور ٹائیز سمیت دیگر اشیاء شامل ہیں۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ اس سہ ماہی کے دوران تمام وصول کنندگان نے تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیے ہیں، جبکہ کابینہ ڈویژن ان تحائف کی مالیت کا تخمینہ لگانے کے عمل میں مصروف ہے۔
اہم نکتہ
کابینہ ڈویژن کی جاری کردہ فہرست میں تحائف دینے والوں کے نام شامل نہیں کیے گئے، جبکہ گزشتہ مالی سال کی آخری ششماہی (جنوری تا جون 2025) کی فہرست میں ملکی و غیر ملکی تحائف دینے والی شخصیات کے ناموں کا خانہ شامل تھا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق توشہ خانہ ریکارڈ کو عوام کے سامنے لانے کا مقصد شفافیت کو فروغ دینا اور عوام کو ریاستی امور سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے۔
