سعودی وزیرِ خارجہ کی واشنگٹن میں امریکی ہم منصب سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلۂ خیال
واشنگٹن: سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے اپنے سرکاری دورے کے دوران واشنگٹن میں امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور خطے کی تازہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔
ملاقات کے دوران شہزادہ فیصل بن فرحان اور امریکی وزیرِ خارجہ نے سعودی عرب اور امریکا کے درمیان تاریخی اور اسٹریٹجک تعلقات کا جائزہ لیا اور انہیں مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے جاری کوششوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
اسی دن شہزادہ فیصل بن فرحان نے امریکی ایوانِ نمائندگان کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین برائن ماسٹ، سینئر رکن گریگوری میکس اور دیگر اراکین سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں تاریخی تعلقات کو باہمی مفادات کے لیے مزید فروغ دینے کے امکانات اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر بات چیت کی گئی۔
ملاقاتوں میں سعودی عرب کی امریکی سفیر شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان آل سعود اور وزیرِ خارجہ کے مشیر محمد الیحییٰ بھی شریک تھے۔ یہ ملاقاتیں سعودی وزیرِ خارجہ کے سرکاری دورے کا حصہ تھیں، جن کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعاون اور علاقائی شراکت داری کو مضبوط بناناہے۔
