ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد گھر میں گرنے کے باعث زخمی، ہسپتال منتقل

0

کوالالمپور:ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد اپنے گھر میں گرنے کے باعث زخمی ہوگئے ہیں، جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

سابق وزیراعظم کے معاون نے بتایا کہ مہاتیر محمد کو ایمبولینس کے ذریعے کوالالمپور کے نیشنل ہارٹ انسٹیٹیوٹ لے جایا گیا۔ ابتدائی طبی معائنے کے بعد یہ تصدیق ہوئی کہ ان کے دائیں کولہے کی ہڈی میں فریکچر ہوا ہے۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ انہیں چند ہفتوں تک علاج اور نگرانی کے لیے اسپتال میں رکھا جائے گا۔

ملائیشیا کے موجودہ وزیراعظم انور ابراہیم اور ان کی اہلیہ نے مہاتیر محمد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

مہاتیر محمد حالیہ برسوں میں متعدد طبی مسائل کا شکار رہے ہیں۔ گزشتہ سال جولائی میں اپنی 100 ویں سالگرہ کی تقریب کے بعد بھی انہیں تھکن کی وجہ سے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔اس سے قبل وہ دل کے عارضے کے باعث بائی پاس سرجری کروا چکے ہیں، اور ان کی صحت کی حفاظت کے لیے ڈاکٹروں کی نگرانی مسلسل جاری ہے۔

مہاتیر محمد پہلی مرتبہ 1981 سے 2003 تک اور پھر 2018 سے 2020 تک ملائیشیا کے وزیراعظم رہ چکے ہیں۔ انہیں دو دہائیوں سے زیادہ عرصہ تک ملک کی قیادت کرنے کا اعزاز حاصل رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.