نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ سے اہم رابطے، علاقائی صورتحال پر مشاورت
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور ترکیہ کے اپنے ہم منصب وزرائے خارجہ سے اہم ٹیلی فونک رابطے کیے ہیں۔ رابطوں میں ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال، امن و استحکام اور سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق سینیٹر اسحاق ڈار نے ترکیہ کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران خطے میں جاری پیش رفت پر خیالات کا تبادلہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے تمام فریقین کی جانب سے تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے سنجیدہ کوششوں کو سراہا اور پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم نے ترکیہ کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینےکی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تجارت، ٹیکنالوجی، سیاحت اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں ترکیہ کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔
اسی طرح سینیٹر اسحاق ڈار نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ سے بھی رابطہ کیا، جس میں علاقائی امن، مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور باہمی تعاون کے امور پر گفتگو کی گئی۔ تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے خطے میں استحکام کے لیے مشترکہ مشاورت اور سفارتی روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان خطے میں امن، بات چیت اور سفارت کاری کو فروغ دینے کے لیے دوست ممالک کے ساتھ قریبی رابطے جاری رکھے گا۔
