پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر بات چیت، وزیر خارجہ کا اقتصادی تعاون بڑھانے پر زور
اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آذربائیجان کے وزیر معیشت میکائیل جببروف کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں پاکستان میں 2 ارب امریکی ڈالر کی آذربائیجانی سرمایہ کاری کے امکان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا اور ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ نے کہا کہ اعلیٰ سطحی مشاورت پاکستان-آذربائیجان تعاون کو مضبوط بنانے اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں پیش رفت کے لیے اہم ہے۔
بات چیت کے دوران یہ بھی طے پایا کہ پاکستان کی اقتصادی ترجیحات کے مقررہ شعبوں میں آذربائیجانی سرمایہ کاری کے لیے ایک مؤثر طریقہ کار جلد حتمی شکل دے دی جائے گا، تاکہ سرمایہ کاروں کے لیے شفاف اور قابل عمل پلیٹ فارم فراہم کیا جا سکے۔
یہ سرمایہ کاری پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور ملک میں کاروباری و صنعتی ترقی کے مواقع بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
