جنیوا/برن: سوئٹزرلینڈ کے مشہور لگژری اسکی ریزورٹ کرانس مونٹانا میں واقع ایک بار میں ہونے والے خوفناک دھماکے کے نتیجے میں ہلاک افراد کی تعداد 40 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ کم از کم 100 افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ دھماکے کے بعد بار میں آگ بھڑک اٹھی جس نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوئس پولیس نے تصدیق کی ہے کہ یہ واقعہ کرانس مونٹانا کے سیاحتی علاقے میں پیش آیا، جہاں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب مقامی وقت کے مطابق ایک بج کر 30 منٹ پر ایک زوردار دھماکا ہوا۔ دھماکے کے وقت نیو ایئر نائٹ منانے کے لیے بڑی تعداد میں افراد بار میں موجود تھے۔
سوئس پولیس حکام نے غیر ملکی خبر ایجنسی کو بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے، تاہم ابتدائی طور پر ہلاکتوں اور زخمیوں کی حتمی تعداد اور دھماکے کی وجوہات سے متعلق کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ بعد ازاں اطالوی وزارت خارجہ نے سوئس پولیس کے حوالے سے تصدیق کی کہ واقعے میں تقریباً 40 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
سوئس پولیس کمشنر کے مطابق بار میں آگ لگنے کے باعث کم از کم 100 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ ایمرجنسی سروسز اور ریسکیو ٹیمیں رات بھر امدادی کارروائیوں میں مصروف رہیں۔

سوئس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرین میں غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں، تاہم ان کی شہریت کے حوالے سے تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں اس واقعے کو دہشت گرد حملہ قرار نہیں دیا جا رہا، جبکہ دھماکے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
علاقے میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور ریزورٹ کے اطراف کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔ واقعے نے نہ صرف سوئٹزرلینڈ بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، خصوصاً اس لیے کہ یہ دھماکا سال نو کی تقریبات کے دوران پیش آیا، جب سیاحوں کی بڑی تعداد اسکی ریزورٹ میں موجود تھی۔
