پاک سعودی تعلقات میں اہم پیشرفت، ولی عہد محمد بن سلمان کا دورۂ پاکستان کرنے کی خواہش کا اظہار

0

اسلام آباد: پاکستان اور مملکتِ سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات میں ایک اور اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے آئندہ برس پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور سعودی ولی عہد کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، باہمی تعاون کے فروغ اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گفتگو نہایت گرمجوش اور خوشگوار ماحول میں ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر خادمِ حرمینِ شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے دلی احترام اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا، جبکہ پاکستان کے لیے سعودی قیادت کی محبت، خلوص اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ حالیہ مہینوں میں نئی بلندیوں کو چھونے والے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی، بالخصوص اقتصادی، تجارتی اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ علاقائی صورتحال اور حالیہ پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے مختلف چیلنجز کے تناظر میں امتِ مسلمہ کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے بات چیت اور سفارت کاری ناگزیر ہے۔ انہوں نے مملکتِ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا بھی اعادہ کیا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ٹیلیفونک رابطے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی مملکت کی خواہش کا اعادہ کیا، جبکہ آئندہ برس پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ مبصرین کے مطابق یہ متوقع دورہ پاک سعودی تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہو سکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.