اقبال ٹاؤن پولیس کی کارروائی، متحرک ڈکیت گینگ گرفتار
لاہور:ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر کی زیرِ نگرانی پولیس نے سٹریٹ کرائم میں ملوث متحرک ڈکیت گینگ کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے تھانہ شیراکوٹ کی حدود میں وارداتیں کرنے والے دو خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر کے مطابق گرفتار ملزمان اسلحہ کے زور پر شہریوں سے موٹرسائیکلیں، موبائل فونز اور نقدی چھیننے میں ملوث تھے۔ ملزمان کی شناخت محسن اور کاشف کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں پدرو پنڈ کے علاقے سے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک لاکھ روپے سے زائد نقدی، چار عدد قیمتی موبائل فونز اور پستول بمعہ گولیاں برآمد کی گئیں۔ اس کے علاوہ ملزمان کی نشاندہی پر لاکھوں روپے مالیت کی پانچ عدد مسروقہ موٹرسائیکلیں بھی برآمد کر لی گئیں۔
ایس پی اقبال ٹاؤن نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ ان سے مزید وارداتوں کے انکشافات حاصل کیے جا سکیں۔
ایس پی ڈاکٹر محمد عمر نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او شیراکوٹ اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ سٹریٹ کرائم پر قابو پانا پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
