لاہور:نیو ایئر نائٹ پر آتش بازی کے سامان کی ترسیل ناکام، بڑی کھیپ برآمد
لاہور:نیو ایئر نائٹ کے موقع پر پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے شہر میں غیرقانونی آتش بازی کے سامان کی ترسیل ناکام بنا دی۔ ایس ایچ او ماڈل ٹاؤن شفقت سرور نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فیروز پور روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا، جس کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا آتش بازی کا سامان برآمد کیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت عادل کے نام سے ہوئی ہے، جو ٹاؤن شپ سے اندرونِ شہر آتش بازی کا سامان سپلائی کرنے جا رہا تھا۔ تلاشی کے دوران گاڑی سے بڑی مقدار میں پٹاخے، فائر ورکس اور دیگر آتش بازی کا سامان برآمد کیا گیا۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ آن لائن آرڈرز حاصل کر کے لاہور کے مختلف علاقوں میں آتش بازی کا سامان سپلائی کرتا تھا۔ پولیس نے برآمد شدہ سامان کو تحویل میں لے کر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد تک پہنچا جا سکے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او ماڈل ٹاؤن شفقت سرور اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔
اس موقع پر ایس پی ماڈل ٹاؤن نے عوام سے اپیل کی کہ نیو ایئر نائٹ پر آتش بازی سے گریز کریں اور اپنی رہائش گاہوں یا اطراف کو آتش بازی کے لیے استعمال نہ ہونے دیں، تاکہ قیمتی جانوں اور املاک کو نقصان سے بچایا جا سکے۔
