نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کی ملاقات، کشمیر اور فلسطین پر سفارتی کوششوں پر بریفنگ

0

اسلام آباد:نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے وزارتِ خارجہ میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سفیر عاصم افتخار نے نیویارک میں اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کی سرگرمیوں اور مختلف عالمی فورمز پر جاری سفارتی اقدامات سے آگاہ کیا۔

سفیر عاصم افتخار نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور دیگر اقوام متحدہ کے اداروں میں پاکستان کے مؤقف کے مؤثر انداز میں اجاگر کیے جانے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی مشن عالمی سطح پر پاکستان کی اہم خارجہ پالیسی ترجیحات کو مسلسل اور بھرپور انداز میں پیش کر رہا ہے، جن میں بالخصوص مسئلہ جموں و کشمیر اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت شامل ہے۔

ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ اور کثیرالجہتی اداروں کے کردار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی امن، سلامتی اور پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے اقوام متحدہ جیسے ادارے کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے عالمی مسائل کے حل کے لیے سفارت کاری، مکالمے اور بین الاقوامی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

نائب وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان عالمی فورمز پر اپنے اصولی مؤقف، بالخصوص مظلوم عوام کی حمایت اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.