پاکستان اور امارات کا مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق، اماراتی صدر محمد بن زاید النہیان دورہ پاکستان کے بعد واپس روانہ

0

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان اپنے پہلے سرکاری دورہ پاکستان کے بعد واپس روانہ ہوگئے ہیں۔ ان کے دورے کے موقع پر شاندار اور تاریخی استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئی تھیں۔

پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے یو اے ای صدر کے طیارے کو حصار میں لے کر فضائی سلامی پیش کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق صدر متحدہ عرب امارات کے ہمراہ وزرا اور سینئر حکام پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آیا تھا۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی سطح پر باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

ملاقات میں سرمایہ کاری، توانائی، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کی دیرینہ شراکت داری کو مضبوط بنانے اور جاری تعاون کی پیشرفت کا جائزہ لینے پر اتفاق کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران خطے اور عالمی سطح کی اہم صورتحال پر بھی غور کیا گیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطے جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے تعاون جاری رکھنے پر زور دیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ اس دورے سے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ترقی اور علاقائی استحکام کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو نئی جہت دینے کی امید لے کر آیا ہے، جس میں سرمایہ کاری، تجارت اور باہمی تعاون کے فروغ پر اہم پیشرفت متوقع ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.