سلامتی کونسل نے شامی صدر احمد الشرع پر عائد پابندیاں ختم کر دیں، امریکی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور

0

نیو یارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شام کے صدر احمد الشرع پر عائد تمام بین الاقوامی پابندیاں ختم کر دیں۔ یہ قرارداد امریکہ کی جانب سے پیش کی گئی جسے 14 ووٹوں کی بھاری اکثریت سے منظور کیا گیا، جبکہ چین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق، منظور ہونے والی قرارداد کے تحت صدر احمد الشرع اور وزیر داخلہ انس حسن خطاب کے نام داعش اور القاعدہ سے منسلک افراد پر عائد پابندیوں کی فہرست سے خارج کر دیے گئے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پابندیوں کے خاتمے کے بعد صدر احمد الشرع کے منجمد اثاثے بحال ہو جائیں گے جبکہ اسلحہ کی خرید و فروخت پر عائد پابندی بھی ختم کر دی گئی ہے۔

عالمی مبصرین کے مطابق یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صدر احمد الشرع کی 10 نومبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں اہم ملاقات طے ہے، جسے واشنگٹن اور دمشق کے درمیان تعلقات میں ممکنہ برف پگھلنے کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا شام کے ساتھ انسدادِ دہشت گردی اور خطے میں استحکام کے امور پر تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے، تاہم اس فیصلے پر بعض یورپی ممالک نے محتاط ردِعمل ظاہر کیا ہے۔

بین الاقوامی تجزیہ کاروں کا مؤقف:

تجزیہ کاروں کے مطابق سلامتی کونسل کی یہ قرارداد مشرقِ وسطیٰ کی سیاست میں ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتی ہے۔ماہرِ بین الاقوامی تعلقات ڈاکٹر فہد الرشید کا کہنا ہے کہ “امریکا کا یہ اقدام شامی حکومت کو عالمی سیاسی دھارے میں واپس لانے کی ایک کوشش ہے، خاص طور پر داعش کے خاتمے کے بعد شام کی علاقائی اہمیت دوبارہ بڑھ گئی ہے۔”

دوسری جانب، یورپی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ شام پر دباؤ کم کرنے اور روس کے اثر و رسوخ کو محدود کرنے کے امریکی عزائم کا حصہ بھی ہو سکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.