پاک بھارت جنگ میں 7 نہیں، 8 طیارے گرائے گئے،صدر ٹرمپ کا نیادعویٰ
میامی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ کے حوالے سے متنازع بیان دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ جنگ کے دوران 7 کے بجائے 8 طیارے گرائے گئے تھے۔
میامی میں بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ "میں نے اخبارات میں پڑھا کہ 7 یا 8 طیارے گرائے گئے، ایک اخبار نے لکھا کہ 7 طیارے گرائے گئے، ایک کو نقصان پہنچا، میں کسی اخبار کا نام نہیں لوں گا کیونکہ اکثر جھوٹی خبریں دیتے ہیں، مگر حقیقت یہ ہے کہ 8 طیارے گرائے گئے تھے۔”
ٹرمپ نے ایک بار پھر اس جنگ کو رکوانے کا کریڈٹ لیتے ہوئے کہا کہ "دونوں ایٹمی ممالک کے درمیان ممکنہ جنگ کو میں نے ٹیرف کے ذریعے روکا۔ اگر ہم نے مداخلت نہ کی ہوتی تو حالات بہت سنگین ہوسکتے تھے۔”
واضح رہے کہ امریکی صدر اس سے قبل بھی مختلف پلیٹ فارمز پر پاک بھارت جنگ کے دوران 7 طیارے گرائے جانے کا ذکر کرچکے ہیں، تاہم اب پہلی مرتبہ انہوں نے 8 طیاروں کا دعویٰ کیا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق ٹرمپ کے یہ بیانات ایک بار پھر بین الاقوامی سطح پر بحث کا باعث بن گئے ہیں کیونکہ ان کے تازہ دعوے کی نہ تو امریکی دفاعی ذرائع سے کوئی تصدیق ہوئی ہے اور نہ ہی کسی دوسرے ملک نے اس کی تائید کی ہے۔
