پاکستان، چین، روس اور شمالی کوریا جوہری تجربات کر رہے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ کا انکشاف

0

واشنگٹن :واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا ہے کہ چین، روس، شمالی کوریا اور پاکستان سمیت کئی ممالک خفیہ طور پر جوہری ہتھیاروں کے تجربات کر رہے ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ روس اور چین جوہری ہتھیاروں کے ٹیسٹ کرتے ہیں، جبکہ شمالی کوریا اور پاکستان بھی تجربات کر رہے ہیں لیکن وہ اس حوالے سے کسی کو اطلاع نہیں دیتے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ ’’یہ ایک بہت بڑی دنیا ہے، آپ کو نہیں معلوم ہوتا کہ وہ کہاں ٹیسٹ کر رہے ہیں۔ وہ زمین کے نیچے تجربے کرتے ہیں جہاں کوئی نہیں جانتا کہ کیا ہو رہا ہے۔ کبھی کبھی زمین ہلتی ہوئی محسوس ہوتی ہے اور اسی سے پتہ چلتا ہے کہ کوئی بڑا تجربہ ہوا ہے۔‘‘

صدر ٹرمپ نے عندیہ دیا کہ امریکا کو بھی دوبارہ جوہری ہتھیاروں کی آزمائش شروع کرنا ہوگی تاکہ وہ ان ممالک کے مقابلے میں اپنی پوزیشن مضبوط کر سکے۔

امریکی صدر نے محکمہ دفاع (پینٹاگون) کو فوری طور پر جوہری ہتھیاروں کی ٹیسٹنگ دوبارہ شروع کرنے کا حکم دیا تھا۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں ٹرمپ نے کہا کہ ’’میں نے محکمہ جنگ کو ایٹمی ہتھیاروں کی ٹیسٹنگ کا حکم دے دیا ہے، یہ عمل فوری طور پر شروع کیا جائے گا۔‘‘ان کا کہنا تھا کہ ’’امریکا کو اُن ممالک کے برابر ہونا چاہیے جو جوہری پروگرام رکھتے ہیں اور اس میدان میں مسلسل پیش رفت کر رہے ہیں۔‘‘

ماہرینِ عالمی سلامتی نے ٹرمپ کے اس بیان پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اگر امریکا دوبارہ جوہری تجربات شروع کرتا ہے تو اس سے عالمی سطح پر ایک نئی ایٹمی دوڑ کا آغاز ہوسکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.