وائٹ ہاؤس میں صحافیوں کے داخلے پر نئی پابندیاں، اب بغیر اجازت داخلہ ممکن نہیں
واشنگٹن: امریکی صدر کے دفتر وائٹ ہاؤس نے صحافیوں کے داخلے کے حوالے سے نئی سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اب صحافی وائٹ ہاؤس کی انتظامیہ، پریس سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام کے دفاتر میں بغیر پیشگی اجازت داخل نہیں ہو سکیں گے۔
نئی پالیسی کے تحت “اپر پریس روم” میں داخلہ صرف پیشگی اپائنٹمنٹ یا خصوصی منظوری کے بعد ممکن ہوگا۔ وائٹ ہاؤس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور اس کا مقصد حساس سرکاری معلومات کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق نئی پالیسی کے نفاذ کے بعد پریس روم کے اندر صحافیوں کی نقل و حرکت محدود کر دی جائے گی، اور صرف مستند میڈیا نمائندوں کو طے شدہ وقت پر ملاقات کی اجازت دی جائے گی۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند ہفتے قبل امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے بھی سکیورٹی وجوہات کی بنا پر میڈیا نمائندوں کی نقل و حرکت پر اسی نوعیت کی پابندیاں عائد کی تھیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق وائٹ ہاؤس کی نئی پالیسی میڈیا تک رسائی میں مزید رکاوٹیں پیدا کرے گی اور شفافیت کے حوالے سے سوالات کھڑے کرے گی۔ کچھ صحافی تنظیموں نے اس اقدام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے صحافتی آزادی اور حکومتی احتساب کے عمل پر اثر پڑ سکتا ہے۔
وائٹ ہاؤس انتظامیہ نے وضاحت کی ہے کہ پابندیوں کا مقصد میڈیا کی آزادی کو محدود کرنا نہیں بلکہ حساس نوعیت کی سرکاری سرگرمیوں اور بریفنگز کو محفوظ بنانا ہے۔
