پاکستان اور افغانستان کا جنگ بندی جاری رکھنے پر اتفاق، استنبول مذاکرات میں مشترکہ اعلامیہ جاری

0

اسلام آباد / استنبول: پاکستان اور افغانستان نے جنگ بندی کے تسلسل پر اتفاق کرتے ہوئے اس کے نفاذ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان استنبول میں ہونے والے مذاکرات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا، جو ترک وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات 25 سے 30 اکتوبر تک ترکیہ اور قطر کی ثالثی میں استنبول میں منعقد ہوئے۔ یہ مذاکرات 18 اور 19 اکتوبر کو دوحہ میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کو مضبوط اور مؤثر بنانے کے لیے کیے گئے۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقین نے جنگ بندی کے تسلسل پر اتفاق کیا ہے اور اس کے نفاذ کے قواعد و ضوابط 6 نومبر کو استنبول میں ہونے والے اگلے مرحلے کے مذاکرات میں طے کیے جائیں گے۔مزید کہا گیا ہے کہ جنگ بندی پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ایک مشترکہ نگرانی و تصدیق کا نظام تشکیل دینے پر بھی اتفاق ہوا ہے، جو کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ دار فریق پر جرمانہ عائد کرنے کا اختیار رکھے گا۔

اعلامیے میں ثالث ممالک ترکیہ اور قطر نے پاکستان اور افغانستان کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنے تعمیری تعاون کو جاری رکھیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.