ترک قوم کی استقامت دنیا بھر کے لیے مشعلِ راہ ہے، ترکیہ کے یومِ جمہوریہ پر صدر آصف زرداری کا پیغام

0

اسلام آباد:صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ترکیہ کے 102ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر ترک قیادت، حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے پیغام میں صدرِ مملکت نے کہا کہ ترک قوم کی استقامت، وژن اور ترقی کے جذبے نے دنیا بھر کے لیے مشعلِ راہ کا کردار ادا کیا ہے۔ بانیٔ ترکی مصطفیٰ کمال اتاترک کی قیادت نے اصلاحات اور ترقی کی نئی راہیں کھولیں، جن سے ترکیہ ایک جدید، مستحکم اور باوقار ریاست کے طور پر ابھرا۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اور قائدِاعظم محمد علی جناح نے بھی ترک قیادت کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان اور ترکی مذہبی، تاریخی اور باہمی احترام کے گہرے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، اور ان کے ادارہ جاتی تعلقات مضبوط اور متحرک ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات مستقبل میں مزید فروغ پائیں گے۔

صدر زرداری نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ترکی کو امن، ترقی اور خوشحالی سے نوازے، اور پاکستان ترکی کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.