یورپی یونین کا بنگلہ دیش میں عام انتخابات کے لیے بڑی مبصر ٹیم بھیجنے کا اعلان

0

یورپی یونین نے بنگلہ دیش میں آئندہ عام انتخابات کے لیے ایک بڑی انتخابی مبصر ٹیم تعینات کرنے کا اعلان کردیا۔یورپی یونین کے سفیر برائے بنگلہ دیش مائیکل ملر نے یہ اعلان منگل کے روز مشیرِ اعلیٰ پروفیسر محمد یونس سے ڈھاکا کے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس جمنہ میں ملاقات کے دوران کیا۔

سفیر ملر کے مطابق مبصر مشن کی حتمی منظوری ابھی باقی ہے، تاہم 150 سے 200 ارکان پر مشتمل ٹیم بھیجی جا سکتی ہے۔ ان میں سے کچھ مبصرین الیکشن سے 6 ہفتے قبل پہنچیں گے جبکہ دیگر پولنگ سے ایک ہفتہ پہلے شامل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سنہ 2008  کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا کہ یورپی یونین بنگلہ دیش میں ایک مکمل انتخابی مبصر ٹیم بھیج رہی ہے۔

سفیر ملر نے مزید بتایا کہ یورپی یونین مقامی مبصرین کی تعیناتی میں بھی معاونت فراہم کرے گی تاکہ انتخابی عمل کو شفاف بنایا جا سکے۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ایک گھنٹے طویل ملاقات میں گورننس اور آئینی اصلاحات، انتخابی تیاریوں، عدالتی اور مزدور اصلاحات، تجارت، سرمایہ کاری اور ملک کے وسیع سیاسی عمل سمیت کئی امور پر گفتگو ہوئی۔

سفیر ملر نے جولائی نیشنل چارٹر کو ایک انتہائی اہم دستاویز قرار دیا جو بنگلہ دیش میں پرامن جمہوری منتقلی کے لیے بنیاد فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے نئی لیبر قوانین میں اصلاحات اور عدلیہ کی خودمختاری کے لیے کیے گئے اقدامات کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔انہوں نے کہا یہ تمام اقدامات نہایت اہم ہیں اور یورپی یونین انتخابی کمیشن کی کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گی تاکہ فروری کے انتخابات آزاد، منصفانہ اور شفاف ہوں۔سفیر نے آئندہ انتخابات کو بنگلہ دیش کے لیے اپنی ساکھ بحال کرنے کا موقع قرار دیا۔

یورپی سفیر نے یقین دلایا کہ یورپی یونین بنگلہ دیش کے کم ترقی یافتہ ملک سے درمیانی آمدنی والے ملک کی جانب منتقلی کے عمل میں بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔دونوں فریقین نے تجارت اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے، اقتصادی شراکت داری کے معاہدے کی تیاری اور ایوی ایشن و شپنگ کے شعبوں میں نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔انہوں نے انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی نقل مکانی سے نمٹنے کے لیے قریبی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

مشیرِ اعلیٰ محمد یونس نے بتایا کہ بنگلہ دیش عالمی شپنگ کمپنی A.P. Moller–Maersk  کے ساتھ چٹاگانگ کی لالڈیا ٹرمینل کی ترقی اور انتظام کے لیے ایک معاہدہ کرنے والا ہے۔سفیر ملر نے بتایا کہ ڈنمارک کی یہ کمپنی تقریباً 800 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی تاکہ لالڈیا ٹرمینل کو خطے کے نمایاں ترین بندرگاہی مراکز میں شامل کیا جا سکے۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے انتخابی ماحول، امیدواروں کی اہلیت اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے قانونی عمل کو یقینی بنانے کے اقدامات پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.