پاکستان اور سعودی عرب کا اقتصادی تعاون کا نیا فریم ورک لانچ ، توانائی، تجارت، آئی ٹی اور فوڈ سکیورٹی ترجیحی شعبے قرار
ریاض: پاکستان اور سعودی عرب نے اقتصادی تعاون کے ایک جامع فریم ورک کے آغاز کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانا اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔
یہ اعلان وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان کے درمیان ریاض میں ہونے والی ملاقات کے بعد جاری کیے گئے مشترکہ اعلامیے میں کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق، فریم ورک کے تحت دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔ توانائی، صنعت، کان کنی، آئی ٹی، سیاحت، زراعت اور فوڈ سکیورٹی کو ترجیحی شعبے قرار دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور پائیدار شراکت داری میں تبدیل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ دونوں ممالک کے قائدین نے اعلیٰ سطحی سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے آئندہ اجلاس کے انعقاد پر بھی اتفاق کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق، دونوں ممالک کے درمیان بجلی کی ترسیل کے منصوبے پر مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تیاری جاری ہے، جبکہ توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے ایک علیحدہ مفاہمتی یادداشت پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔
اعلامیے میں زور دیا گیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب خطے میں اقتصادی استحکام اور ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے تاکہ دونوں برادر ممالک کے عوام کو دیرپا فوائد حاصل ہوں۔
منصوبوں اور معاشی تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی ریاض میں سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے خوشگوار ماحول میں ملاقات
ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت شریک رہی pic.twitter.com/kjgBOeW4fm— Pervaiz Sandhila (@chsandhilaa) October 27, 2025
قبل ازیں سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو کی نویں کانفرنس میں شرکت کے لیے وفد کے ہمراہ ریاض پہنچے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر ریاض کے نائب گورنر شہزاہ محمد بن عبدالرحمان بن عبدالعزیز، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق نے وزیراعظم اور پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ، معاونین خصوصی طارق فاطمی اور بلال بن ثاقب وزیراعظم کے ہمراہ اعلی سطح وفد میں شریک ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف ریاض میں منعقدہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
