ترکی اور آذربائیجان کی پارلیمان کے سپیکرز کی صدر آصف علی زرداری سے ملاقات

0

اسلام آباد: ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر ڈاکٹر نعمان قرتلمش اور آذربائیجان کی ملی مجلس کی چیئرپرسن صاحبہ غفاروا نے ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔اس موقع پر قومی اسمبلی کےسپیکر سردار ایاز صادق بھی موجود تھے۔

صدر آصف علی زرداری نے مہمان شخصیات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، ترکی اور آذربائیجان کے ساتھ اپنے قریبی اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعلقات مشترکہ ایمان، باہمی اعتماد اور علاقائی امن و خوشحالی کے مشترکہ عزم پر استوار ہیں۔

صدر مملکت نے ترکی، آذربائیجان اور پاکستان کے مابین پارلیمانی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے سہ فریقی اسپیکرز کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر اسپیکرز کو مبارک باد دی۔

چیئرپرسن  غفاروا نے صدر زرداری کو آذربائیجان کی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات پہنچائیں اور بتایا کہ سہ فریقی سپیکرز کانفرنس کا پہلا اجلاس آذربائیجان، دوسرا ترکی اور تیسرا اب پاکستان میں منعقد ہوا ہے۔ انہوں نے پاکستانی پارلیمنٹرینز کو باکو کے دورے کی دعوت دی تاکہ ماحولیاتی تبدیلی جیسے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔

صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات سیاست، معیشت، دفاع اور سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں فروغ پا رہے ہیں۔ انہوں نے ترکی کی جانب سے پاکستان کے لیے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل (2026–2028) کی رکنیت کے لیے حمایت کو سراہا۔

صدر مملکت نے دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ تجارتی حجم میں مزید اضافے کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے ایک خصوصی اقتصادی زون کو ترک صدر رجب طیب ایردوان کے نام سے منسوب کیا جائے گا جو دونوں ممالک کی دوستی کی علامت ہے۔

آذربائیجان کے ساتھ تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات باہمی احترام اور تزویراتی مفاہمت پر مبنی ہیں۔ انہوں نے خطے میں رابطوں کے فروغ کے لیے اسلام آباد-تہران-استنبول ریلوے کوریڈور اور انٹرنیشنل نارتھ ساوتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور (INSTC) جیسے منصوبوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

صدر زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان، ترکی اور آذربائیجان کے ساتھ مل کر خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے کام کرتا رہے گا۔ملاقات میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا، ترکی کے سفیر عرفان نزیر اوغلو اور آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف بھی موجود تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.