امریکی کانگریس کے ڈیموکریٹک اور ری پبلکن ارکان نے پاک بھارت سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے خط لکھ دیا
پاکستان اور بھارت میں سیلاب سےمتاثرین کی امداد کیلئے امریکی کانگریس کے ڈیموکریٹک اور ری پبلکن اراکین نے غیر معمولی اتحاد کا مظاہرہ کیا۔
امریکی ایوان نمائندگان میں پاکستان کاکس کے چئیر کانگریس مین ٹام سوازی اور کو چئیر ری پبلکن رکن کانگریس جیک برگمین اور انڈیا کاکس کے چئیرمین رو کھنہ اور کانگریس مین مک کارمک نے مشترکہ طور پر وزیرخارجہ مارکو روبیو کو خط لکھا۔
وزیر خارجہ مارکو روبیو کو مشترکہ طور پر خط لکھ کر مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارت اور پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد بحالی سے متعلق امریکی اقدامات پر بریفنگ دی جائے۔ کانگریس مین ٹام سوازی نے کہا کہ قدرتی سانحات سرحدیں نہیں دیکھتے اور اس سانحہ کے موقع پر ہمیں مل کر دونوں ملکوں میں متاثرین کی مدد کرنی چاہیے۔
خط میں گھروں، کاروبار، مذہبی و ثقافتی مراکز کی تباہی کا ذکر کیا گیا ہے اور سیلاب سے متاثر کرتارپور صاحب کو پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کی طاقتور علامت قرار دیا گیا ہے۔
ٹام سوازی نے کہا کہ ان کے حلقے میں پاکستان اور بھارت سے آبائی تعلق رکھنے والے بڑی تعداد میں آباد ہیں اس لیے وہ بخوبی جانتے ہیں کہ کیا کچھ صفہ ہستی سے مٹ گیا ہے۔
نیویارک میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹام سوازی نے کہا کہ دونوں ملکوں میں متاثرین کی فوری مدد کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں امریکن پاکستانیوں اور امریکن انڈینز کا کردار بھی قابل ستائش ہے۔
