نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ہنگری کے وزیر خارجہ سے ملاقات

0

نیویارک: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر ہنگری کے وزیر خارجہ پیٹر سزیجارتو نے ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ہنگری کے تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے پر دوطرفہ روابط کو مزید مستحکم بنانے اور نئے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی جانب سے ہنگری کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا اور بتایا کہ حکومتِ پاکستان ملک میں ہنگری کی سرمایہ کاری کو سہولت دینے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ہنگری کے وزیر خارجہ نے اس موقع پر وزیراعظم پاکستان اور نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا کہ وہ ذاتی طور پر ہنگری کی سرمایہ کاری کے فروغ میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ سرمایہ کاری کے تحفظ کے معاہدے اور سول ایوی ایشن کے شعبے میں تعاون کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست پروازوں کے آغاز اور سفارتی و سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا خاتمے کے معاہدے کو بھی جلد مکمل کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔

نیویارک: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ہنگری کے وزیر خارجہ پیٹر سزیجارتو ملاقات کرتے ہوئے

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے ہنگری کی جانب سے پاکستانی طلبہ کے لیے 400 اسکالرشپس فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ ہنگری کے وزیر خارجہ نے یقین دہانی کرائی کہ ان کا ملک پاکستانی طلبہ کے لیے تعلیمی تعاون جاری رکھے گا۔ملاقات میں علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.