امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر کی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے اہم ملاقات ،پاکستان ریلوے میں سرمایہ کاری و شراکت داری پر اتفاق
اسلام آباد: امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے وزارتِ ریلوے میں اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان ریلوے کی ترقی، علاقائی روابط کے فروغ، سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
وفاقی وزیر ریلوے نے امریکی ناظم الامور کو بتایا کہ پاکستان ریلوے وزیراعظم کے وژن کے تحت جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے ذریعے علاقائی روابط میں اضافہ نہ صرف دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا بلکہ ملکی معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔ محمد حنیف عباسی نے مزید کہا کہ نئی شراکت داری اور سرمایہ کاری سے پاکستان میں روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔
ملاقات کے دوران امریکی ناظم الامور نے پاکستان ریلوے کی اسٹریٹجک اہمیت کو تسلیم کیا اور ریلوے کے ساتھ تعاون میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے ریلوے کے جاری اصلاحاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریلوے کی کامیابی سے معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
محمد حنیف عباسی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان ریلوے میں جدید ڈیجیٹائزیشن کے عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ ریلوے اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے درمیان معاہدے بھی طے پا چکے ہیں۔ ریلوے اسٹیشنز کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیر ریلوئے نے مزید بتایا کہ بڑے اسٹیشنز پر ایگزیکٹو CIP لاؤنجز، جدید ویٹنگ ایریاز، ایسکلیٹرز اور مانیٹرنگ سسٹم قائم کیے جا رہے ہیں جبکہ 40 بڑے ریلوے اسٹیشنز پر مسافروں کے لیے مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے پاکستان ریلوے کی ترقیاتی اور اصلاحاتی کوششوں کو سراہا اور دوطرفہ تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
