وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی عرب میں پرتپاک استقبال، 21 توپوں کی سلامی، سبز ہلالی پرچم لہرائے گئے
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر مملکت سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ریاض پہنچ گئے۔
وزیراعظم کا ریاض پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا ہے اور 21 توپوں کی سلامی سمیت شہر میں سبز ہلالی پرچم لہرائے گئے ہیں۔
کنگ خالد ایئر پورٹ ریاض پہنچنے پر ریاض کے نائب گورنر محمد بن عبد الرحمان بن عبد العزیز، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق اور اعلی سفارتی حکام نے وزیراعظم اور پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیراعظم کی ریاض آمد پر پورے شہر میں سبز ہلالی پرچم لہرائے گئے۔ اس موقع پر وزیراعظم کو 21 توپوں کی سلامی اور سعودی عرب کی افواج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
اب وزیراعظم شاہی دیوان، قصر یمامہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے لیے جائیں گے۔ قصر یمامہ میں وزیراعظم اور پاکستانی وفد کا باضابطہ استقبال ہوگا۔
دوطرفہ ملاقات میں پاکستان سعودی عرب تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ دونوں رہنما باہمی دلچسپی کی علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر مملکت سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ریاض پہنچ گئے.#PMShehbazInKSA#PakistanSaudiPartnership pic.twitter.com/ehU2FVKfLi
— Tahir Mughal Pmln (@Tahirmughalpml8) September 17, 2025
دورے کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کو عملی جامہ پہنانے کے حوالے سے باضابطہ پیش رفت متوقع ہے جو دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کے مزید فروغ کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم پاکستان کا طیارہ جونہی سعودی عرب کی فضا میں پہنچا تو سعودی عرب کے جنگی طیاروں سے اسے حصار میں لے لیا، اور خصوصی استقبال کیا۔
