مدینہ ائیر رپورٹ روڈ کا نام "شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز روڈ” رکھنے کا شاہی فرمان
ریاض: خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے مدینہ منورہ کے ایئرپورٹ روڈ کا نام ان کے ولی عہد اور وزیراعظم، شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے نام پر رکھنے کا حکم جاری کیا ہے۔
نئے نام سے موسوم "شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز روڈ” مسجد نبویؐ کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز روڈ سے ملاتا ہے، جو آگے چل کر شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور رائل ٹرمینل تک پہنچتا ہے۔ یہ شاہراہ دنیا کے سب سے بڑے مہمان نوازی منصوبے "رواء المدینہ” سے بھی گزرتی ہے۔
اس موقع پر مدینہ ریجن کے گورنر اور مدینہ ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین، شہزادہ سلمان بن سلطان بن عبدالعزیز نے خادم الحرمین الشریفین اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ولی عہد کی قیادت میں شروع کیے گئے قومی ترقیاتی اقدامات اور اسٹریٹجک منصوبے پورے مملکت میں بالخصوص مدینہ منورہ میں نمایاں اثرات مرتب کر رہے ہیں۔
13 کلومیٹر طویل یہ مرکزی شاہراہ مدینہ کی کئی اہم سڑکوں کو آپس میں ملاتی ہے جن میں شاہ فیصل بن عبدالعزیز روڈ (پہلا رنگ روڈ)، شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز روڈ (دوسرا رنگ روڈ) اور شاہ خالد بن عبدالعزیز روڈ (تیسرا رنگ روڈ) شامل ہیں۔
اس روڈ کے اطراف متعدد ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جنہیں مدینہ میونسپلٹی اور مدینہ ریجن ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت مکمل کیا جا رہا ہے۔ نمایاں منصوبوں میں "مدینہ ہیومنائزیشن پروگرام” شامل ہے جو پیدل اور گاڑیوں کی گزرگاہوں کی بہتری، عمارتوں کے ظاہری ڈھانچے کی تزئین و آرائش، اور سعودی طرزِ تعمیر کے ڈیزائن رہنما اصولوں کے مطابق معیارِ زندگی اور شہری منظرنامے کو بہتر بنانے پر مرکوز ہے۔
اس شاہراہ میں وادی قنات کی ماحولیاتی بحالی کا منصوبہ بھی شامل ہے، جو خطے کی اہم تاریخی وادیوں میں شمار ہوتی ہے۔
