نیدرلینڈز کا اسرائیل کی شرکت کی صورت میں یورو ویژن 2026 مقابلوں کے بائیکاٹ کا اعلان

0

نیدرلینڈز نے اعلان کیا ہے کہ اگر اسرائیل یوروویژن 2026 میں شریک ہوا تو وہ اس موسیقی کے عالمی مقابلے کا بائیکاٹ کرے گا۔

یہ اعلان نیدرلینڈز کے سرکاری نشریاتی ادارے نے جمعے کے روز کیا۔ ادارے نے مؤقف اختیار کیا کہ غزہ میں جاری سنگین انسانی المیے کے پیش نظر اسرائیل کی شمولیت ناقابلِ قبول ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ہم صحافتی آزادی کی شدید پامالی اور غزہ میں بڑی تعداد میں صحافیوں کی ہلاکت پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔

آئرلینڈ کے نشریاتی ادارے آر ٹی ای نے ایک روز قبل اسی نوعیت کا بیان جاری کیا تھا اور کہا تھا کہ اسرائیل کی موجودگی میں اس مقابلے میں شرکت کرنا ضمیر کے خلاف ہوگا۔ آئس لینڈ نے بھی بائیکاٹ پر غور شروع کر دیا ہے جبکہ ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز کھل کر اسرائیل کو یوروویژن سے نکالنے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔

یوروپی براڈکاسٹنگ یونین، جو یوروویژن کا انعقاد کرتی ہے، نے کہا ہے کہ وہ اپنے رکن ممالک سے مشاورت کر رہی ہے اور دسمبر کے وسط تک ہر رکن ملک کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ آیا وہ مقابلے میں شریک رہنا چاہتا ہے یا نہیں۔

ادارے کے ڈائریکٹر مارٹن گرین نے کہا ہم مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع پر مختلف آرا اور تشویش کو سمجھتے ہیں۔ یہ ہر رکن کا ذاتی فیصلہ ہوگا کہ وہ شریک ہو یا نہیں، اور ہم ان کے فیصلے کا احترام کریں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.