میانمار فضائیہ کے اقلیتی باشندوں پر حملے، 2 سکول تباہ، 19 طلبہ ہلاک

0

میانمار کی ریاست راکھین میں فوجی جنتا کے فضائی حملے میں کم از کم 19 طلبہ جاں بحق اور 22 زخمی ہوگئے۔یہ حملہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کیوکتاؤ ٹاؤن شپ کے گاؤں تھیئت تھپین میں 2 نجی سکولوں پر کیا گیا۔

قومی اقلیتی عسکری گروپ ارا کان آرمی (AA) نے اپنے بیان میں کہا کہ جاں بحق ہونے والے طلبہ کی عمریں 15 سے 21 سال کے درمیان تھیں۔ گروپ نے جنتا کو اس سانحے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

مقامی میڈیا میانمار ناؤ کے مطابق، فوجی طیارے نے اسکول پر اُس وقت 500 پاؤنڈ وزنی 2 بم گرائے جب طلبہ سو رہے تھے۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ راکھین میں بڑھتی ہوئی پرتشدد کارروائیوں کا حصہ ہے جہاں سب سے زیادہ نقصان بچوں اور عام شہریوں کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

یاد رہے2021 میں آنگ سان سوچی کی منتخب حکومت کے خاتمے کے بعد سے میانمار خانہ جنگی کی لپیٹ میں ہے اور فوج پر اکثر شہری آبادی کو فضائی اور توپ خانے سے نشانہ بنانے کے الزامات لگتے رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.