ہائی کمیشن لندن اور جیریز کے درمیان قونصلر و ویزا سروس کے حوالے سے غلط فہمیاں پھیلائی جارہی ہیں: قمر رضا
لندن :اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا نے ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو وضاحتی خط لکھ دیا۔
قمر رضا کا کہنا ہے کہ پاکستان ہائی کمیشن اور جیریز کے درمیان قونصلر و ویزا سروس کی فراہمی کے حوالے سے غلط فہمیاں پھیلائی جارہی ہیں، ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار نے دورہ برطانیہ کے موقع پر کمیونٹی سے مشاورت کے بعد مجوزہ منصوبے پر اطمینان کا اظہار کیا تھا، مجوزہ منصوبے کے تحت جیریز، پاکستان ہائی کمیشن اور نادرا کے تعاون سے قونصلر و ویزا سروسز فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کے یہ خدشات درست نہیں کہ ہائی کمیشن یا قونصل خانے، قونصلر و ویزا خدمات بند کردیں گے، پاکستان ہائی کمیشن کو کمیونٹی کے جیریز کے حوالے سے خدشات کو دور کرنا چاہیے، پاکستان ہائی کمیشن یہ وضاحت کرچکا ہے کہ جیریز کی سروسز سے کمیونٹی کو زیادہ سہولیات حاصل ہوں گی۔
دوسری جانب برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق جیریز کو سروسز کی فراہمی کا فیصلہ وزارت خارجہ کی منظوری اور مکمل شفاف عمل کے بعد کیا گیا اورجیریز کی سروسز سے دور دراز رہنے والے پاکستانیوں کی طویل سفر اور بھاری اخراجات سے جان چھوٹ جائے گی۔
ہائی کمیشن نے بتایاکہ جیریز کی سروسز ویک اینڈ پر بھی دستیاب ہوں گی، پاکستان ہائی کمیشن اور قونصلیٹس معمول کے مطابق بغیر کسی تعطل کے قونصلر خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔
پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق جیریز کے سینٹرز پر صرف پاسپورٹ، ویزا اور نائیکوپ کی ڈرخواستوں کی ڈیٹا انٹری، پروسیسنگ اور تصدیق ہوگی، تمام درخواستوں پر فیصلے کا اختیار پاکستان کے مجاز اداروں کو ہی ہوگا، پاور آف اٹارنی، زمین سے متعلق معاملات اور دیگر تمام خدمات بدستور ہائی کمیشن اور چاروں قونصل خانوں کی ہی ذمہ داری ہوگی۔
