اسلام آباد:ذرائع کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کل رات اسلام آباد پہنچیں گے جہاں دونوں ممالک کے درمیان اہم مذاکرات متوقع ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی وفد میں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی شامل ہوں گے، جو ایرانی وفد سے بات چیت کریں گے۔ مزید برآں امریکی وفد کی معاونت کے لیے 23 رکنی ٹیم پہلے ہی اسلام آباد پہنچ چکی ہے، جس میں سکیورٹی ماہرین اور دیگر حکام شامل ہیں۔
دوسری جانب ایرانی وفد کی قیادت محمد باقر قالیباف کے ساتھ وزیر خارجہ عباس عراقچی کریں گے، جو کل رات گئے اسلام آباد پہنچیں گے۔
اس سے قبل وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے تصدیق کی تھی کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے اپنی ٹیم پاکستان بھیج رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق مذاکراتی ٹیم ہفتے کی صبح اسلام آباد میں باضابطہ بات چیت کرے گی۔
ادھر مسعود پزشکیان نے بھی پاکستانی وزیراعظم کو آگاہ کیا ہے کہ ایران کا اعلیٰ سطحی وفد مذاکرات کے لیے پاکستان آئے گا۔
