ایران-امریکہ جنگ بندی تجویز کو ’اسلام آباد اکارڈ‘ کا نام دیا گیا:رائٹرز
اسلام آباد: رائٹرز کے مطابق پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے ایک جامع جنگ بندی فریم ورک شیئر کر دیا ہے، جسے غیر رسمی طور پر ’اسلام آباد اکارڈ‘ کا نام دیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ مجوزہ معاہدہ دو مراحل پر مشتمل ہے۔ پہلے مرحلے میں فوری جنگ بندی اور اہم تنصیبات کے تحفظ کو یقینی بنانا شامل ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں ایک جامع اور مستقل جنگ بندی معاہدے کی تشکیل کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر اس پیش رفت کے سلسلے میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر اسٹیو وٹکوف اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے۔
رائٹرز کے مطابق مجوزہ ’اسلام آباد اکارڈ‘ کے تحت ابتدائی طور پر آبنائے ہرمز کو فوری طور پر کھولنے کی تجویز ہے، جس کے بعد 15 سے 20 روز کے اندر جنگ بندی کے لیے جامع فریم ورک کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اس معاہدے پر آج اتفاق رائے ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب سینئر ایرانی حکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ پاکستان کی جانب سے فوری جنگ بندی کی تجویز موصول ہو چکی ہے اور اس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی فیصلے کے لیے وہ کسی ڈیڈ لائن یا دباؤ کو قبول نہیں کریں گے۔
