لندن : یہودی کمیونٹی کی ایمبولینسوں کو آگ لگانے کا واقعہ، مزید 3 افراد گرفتار
لندن میں یہودی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی ایمبولینسوں کو نذرِ آتش کرنے کے واقعے میں پولیس نے مزید 3 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد کی عمریں 17 سے 20 سال کے درمیان ہیں اور انہیں شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران حراست میں لیا گیا۔
میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق یہ کارروائیاں 23 مارچ کو پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات کے سلسلے میں کی گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کیس میں اس سے قبل گرفتار کیے گئے دو ملزمان کو ضمانت پر رہا کیا جا چکا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے میں ملوث افراد کی نشاندہی اور نیٹ ورک کا سراغ لگانے کیلئے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کی جا رہی ہیں، جبکہ شہر میں سکیورٹی اقدامات بھی مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ 23 مارچ کو لندن میں یہودی کمیونٹی کی فلاحی خدمات انجام دینے والی ایمبولینسوں کو نامعلوم افراد نے آگ لگا دی تھی، جس کے بعد اس واقعے کو ممکنہ نفرت انگیز جرم (ہیتھ کرائم) کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔
واقعے کے بعد مقامی کمیونٹی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی اور پولیس نے فوری تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لیا تھا۔
