برطانوی دفتر خارجہ کے ڈی جی پولیٹیکل کا دورہ اسلام آباد، پاکستان سے سکیورٹی و معاشی تعاون بڑھانے پر زور

0

اسلام آباد: برطانوی دفتر خارجہ   کے ڈائریکٹر جنرل پولیٹیکل ایڈ لیویلن   نے اسلام آباد کا اہم دورہ کیا جہاں انہوں نے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں اور پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔

دورے کے دوران ایڈ لیویلن نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے برطانیہ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے سویلین انفراسٹرکچر پر حملے روکنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور اس حوالے سے برطانیہ کے مؤقف کو دہرایا۔

برطانوی ڈی جی پولیٹیکل نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ اس اہم محاذ پر پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔

ملاقاتوں میں معاشی ترقی، موسمیاتی تبدیلی اور دوطرفہ تعاون کے فروغ سمیت مختلف شعبوں پر بھی گفتگو کی گئی، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو علاقائی استحکام کے لیے اہم قرار دیا گیا۔

ایڈ لیویلن نے اس بات پر زور دیا کہ مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مسلسل رابطے اور تعاون ناگزیر ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.