تھرپارکر کی معروف لوک فنکارہ مائی فاطمہ انتقال کرگئیں
کراچی:سندھ کے ضلع تھرپارکر سے تعلق رکھنے والی معروف لوک فنکارہ مائی فاطمہ 71 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔
اہلخانہ کے مطابق مائی فاطمہ کچھ عرصے سے جگر اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھیں اور اسی بیماری کے باعث انتقال کرگئیں۔
مائی فاطمہ نے اپنی زندگی کی 71 بہاریں دیکھیں اور اپنی منفرد آواز اور لوک گائیکی کے ذریعے تھر کی ثقافت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے سندھی، مارواڑی اور سرائیکی زبانوں میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا، جسے عوامی سطح پر بے حد پذیرائی حاصل ہوئی۔
ان کی وفات سے تھرپارکر کی لوک موسیقی کا ایک اہم باب بند ہوگیا ہے، جبکہ مداحوں اور ثقافتی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
