پی ایس ایل 11: سیالکوٹ اسٹالینز کا نام تبدیل کرکے ملتان سلطانز رکھ دیا گیا
لاہور: پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) 11 میں شامل ہونے والی فرنچائز سیالکوٹ اسٹالینز کو باضابطہ طور پر ملتان سلطانز کے نام سے ری برانڈ کر دیا گیا ہے۔ اس تبدیلی کی تصدیق منگل کے روز پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے کی۔
یہ اعلان ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا گیا جس میں سلمان نصیر، فرنچائز کے مالک حمزہ مجید اور سی ڈی وینچرز کے سربراہ گوہر شاہ شریک تھے۔
او زیڈ ڈیولپرز نے اسلام آباد میں ہونے والی ٹیم نیلامی کے دوران سیالکوٹ اسٹالینز کی فرنچائز 10 سال کے لیے 18.5 ارب روپے میں حاصل کی تھی تاہم اب اس نے سی ڈی وینچرز کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کر لی ہے۔
اس شراکت کے تحت گوہر شاہ کو فرنچائز کا چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کیا گیا ہے اور فرنچائز کا نام تبدیل کرکے ملتان سلطانز رکھا گیا ہے۔ پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیرکے مطابق تازہ پیش رفت کے بعد اس فرنچائز کی سالانہ مالیت بڑھ کر 2 ارب روپے ہو گئی ہے۔
سلمان نصیر نے بتایا کہ چیف ایگزیکٹو بننے کے بعد گوہر شاہ نے سیالکوٹ اسٹالینز فرنچائز کا نام تبدیل کرنے کی درخواست کی تھی، جسے منظور کر لیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ‘سیالکوٹ اسٹالینز اب ملتان سلطانز کے طور پر شامل ہوں گی’۔
